ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر کے دھماکہ خیز حالات پر مودی کی صدارت میں پر اعلیٰ سطحی میٹنگ

کشمیر کے دھماکہ خیز حالات پر مودی کی صدارت میں پر اعلیٰ سطحی میٹنگ

Tue, 12 Jul 2016 19:49:02  SO Admin   S.O. News Service

وزیراعظم کی ریاستی عوام سے امن بنائے رکھنے کی اپیل،کہا،بے گناہ کوپریشان نہیں کیاجائے

نئی دہلی، 12؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ایک اعلی سطحی میٹنگ ہوئی۔تین دن پہلے حزب المجاہدین کے کے کمانڈر برہان وانی کی موت کے بعد سے ریاست میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔چار افریقی ممالک کے دورے سے واپس آنے کے بعد مودی نے مرکزی وزراء اور سینئر افسران کے میٹنگ کی ۔جس کے بعد وزیر اعظم مودی نے ریاستی حکومت سے ہرممکنہ مدد دینے کا وعدہ کیا اور کہا کہ کسی بے گناہ کو پریشانی نہ کیا جائے ۔وزیر اعظم مودی نے ریاستی عوام سے امن بنائے رکھنے کی اپیل بھی کی۔اجلاس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر دفاع منوہر پاریکر، پی ایم او میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور سکریٹری خارجہ ایس جے شنکر سمیت دیگر لوگوں نے شرکت کی۔وزیر اعظم کو وادی کے واقعات کے بارے میں تفصیل سے معلومات دی گئی، جہاں جمعہ کو وانی کی موت کے بعد سے پر تشددمظاہرے ہو رہے ہیں۔اس دوران سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 24تک پہنچ گئی ہے۔جموں و کشمیر کے حالات پر کل رات ایک اہم اجلاس میں پاریکر، جیٹلی اور ڈوبھال نے شرکت کی تھی۔ڈوبھال وزیر اعظم کے ساتھ جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے تھے، لیکن ان سے ایک دن پہلے ہی واپس لوٹ آئے۔وزراء کو مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان نے وادی میں امن اور پرامن حالات بحال کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات دی۔
ذرائع نے بتایا کہ سبھی افواج سے امرناتھ یاتریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور سرحد کے آس پاس احتیاط بڑھانے کو کہا گیا ہے تاکہ حالات کا فائدہ اٹھا کر کسی طرح کی تازہ دراندازی پر روک لگائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ مظاہرہ کررہے شہریوں کے خلاف محتاط طریقے سے طاقت کا استعمال کریں۔پاریکر نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ وزارت داخلہ کشمیر میں سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لے گی اور کسی بھی علاقے میں فورسز کی تعداد میں اضافہ جیسی کسی بھی طرح کی مدد کے لیے فوج تیار ہے۔اس سے قبل وزیر داخلہ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ سمیت اپوزیشن لیڈروں اور سبھی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیاتھا۔سونیا اور عمر کے ساتھ ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت میں وزیر داخلہ نے انہیں وادی میں پر امن حالات کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات دی تھی ۔


Share: